حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مسلمانان عالم کو مولود کعبہ حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالبؑ کی ولادتِ باسعادت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی سلامتی اور مسلمین عالم کے اخوت و اتحاد کیلئے دعا کی ہے۔
آقا صاحب نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خدائے تعالٰی اور پیغمبر اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم پر ایمان رکھنے والوں کے لئے ۱۳ رجب المرجب کا دن بہت بڑی خوشی کا دن ہے، کیونکہ اس دن نفس رسول، امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کعبے کے اندر متولد ہوئے اور خانۂ کعبہ میں تولد ہونا بذاتِ خود ایک ایسی عظیم سعادت ہے جو علی (ع) سے پہلے کسی کو نصیب نہ ہوئی اور نہ قیامت تک کوئی ایسی سعادت سے سرفراز ہوسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت علیہ السّلام کی سیرت و کردار کا ہر پہلو عظمتوں اور فضیلتوں کا منارہ ہے، تاہم مولائے کائنات کی عظمت و عزیمت کا روشن ترین پہلو اسلام اور مسلمین کی سربلندی اور رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی نصرت و حمایت کیلئے ان کا عملی کردار ہے۔ مولائے کائنات سے عقیدت اور وابستگی کا دعویٰ ہم سے خدا و رسولِ خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی اطاعت کے ساتھ ساتھ ملت اسلامیہ کی سربلندی کیلئے احساس ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی علیہ السلام کی سیرت و کردار میں یہی دعوتِ فکر ہے کہ مسلمان اپنے دین و ملت کے امورات سے لا تعلق نہ رہیں۔
آغا صاحب نے مزید کہا کہ حضرت علیؑ کی حیاتِ طیبہ مسلمانانِ عالم کے لیے نمونۂ عمل ہے؛ ہم سب کو چاہیے کہ اس کو اپنائیں، صبر و تحمل اور عمل و استقامت کا دامن تھام کر آپ کی تعلیمات کی روشنی میں آپ کے دیئے ہوئے نظام کی تشکیل کے لیے کوشاں رہیں، تاکہ انسانیت کو فلاح و نجات سے ہمکنار کیا جاسکے۔
آپ کا تبصرہ